ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بابا صدیقی قتل معاملے میں بڑی پیش رفت: شوٹرز کے لارنس بشنوئی کے بھائی سے رابطے کا انکشاف

بابا صدیقی قتل معاملے میں بڑی پیش رفت: شوٹرز کے لارنس بشنوئی کے بھائی سے رابطے کا انکشاف

Wed, 23 Oct 2024 13:02:36    S.O. News Service

ممبئی، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بابا صدیقی قتل کیس کی تحقیقات کر رہی ممبئی کی کرائم برانچ نے انکشاف کیا ہے کہ ملزمان کی پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ شوٹرز کا براہ راست رابطہ لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی سے تھا۔ باوجود اس کے، ابھی تک قتل کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کرائم برانچ کو بابا صدیقی قتل معاملے میں لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کا شوٹرس کے ساتھ براہ راست تعلق ملا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، مشکوک تین شوٹرس نے قتل سے پہلے انسٹیٹ میسجنگ ایپ (اسنیپ چیٹ) کے ذریعے جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی سے رابطہ کیا تھا۔

انمول بھی ایک شوٹر اور سازشی پروین لونکر کے رابطے میں تھا۔ انمول کینیڈا اور امریکہ سے ملزمان کے ساتھ بھی رابطے میں تھا۔ ملزمان کے قبضے سے چار موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔

کرائم برانچ نے اب تک بابا صدیقی قتل معاملے میں دس ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں دو شوٹرس اور اسلحہ فراہم کرنے والا بھی شامل ہے۔ بابا صدیقی قتل کے کیس میں شوٹر شیو کمار گوتم اور دیگر ملزمان، جنہیں پولیس نے ملزم قرار دیا ہے، ابھی بھی فرار ہیں۔

ملزمان اسنیپ چیٹ کے ذریعے آپس میں رابطے میں تھے اور ہدایت ملنے کے بعد میسجز فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیتے تھے۔ جب گرفتار ملزمان کے اسنیپ چیٹ کو باریکی سے دیکھا گیا تو یہ واضح ہوا کہ شوٹرز اور پروین لونکر انمول کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھے۔

کرائم برانچ اس معاملے میں جلد ہی مکوکا کی متعلقہ دفعات شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ جانچ کے دوران، کرائم برانچ کو متعدد اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس کی معلومات ملی ہیں، جن کے ذریعے ملزمان آپس میں رابطے میں تھے۔


Share: